شکر

  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا ہر انسان 360جوڑوں کے ساتھ پیدا کیا گیا ہے جس شخص نے  اللہ اکبر، الحمدللہ، لا الہ الا اللہ، سبحان اللہ اور استغفراللہ  کہا۔ لوگوں کے راستہ سے کوئی پتھر ہٹایا، کوئی کانٹا یا کوئی ہڈی راستہ سے ہٹائی، نیکی کاحکم دیا، یا برائی سے روکا تو یہ 360جوڑوں کی تعداد (کے برابر شکر) ہے اور اس دن وہ اس حال میں چل رہا ہوگا کہ جہنم سے آزا دہوگا۔

    (مسلم ، کتاب الزکوۃ )
  • حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ اس بات سے راضی ہوتے ہیں کہ بندہ کھانا کھاکر اور پانی پی کر اس کا شکر ادا کرے۔

    (مسلم ،کتاب الذکر والدعاء والتوبۃ والاستغفار )
  • حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے اس قدر (نفل) نمازیں پڑھیں کہ آپؐ کے قدم مبارک سوج گئے۔ آپؐ سے کہا گیا آپؐ اس قدر مشقت کیوں اٹھا رہے ہیں۔ حالانکہ اللہ تعالیٰ نے آپؐ کے اگلے اور پچھلے گناہوں کی مغفرت فرمادی ہے۔ آپؐ نے فرمایا کیا میں اللہ کا شکر گزار بندہ نہ بنوں؟

    (مسلم ، کتاب صبغہ والقیامۃ والجنۃ والنار)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا جو لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا وہ اللہ تعالیٰ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا۔

    (سنن ابی داوُد ،جلد سوئم کتاب الادب :4811)
  • حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس شخص کوکوئی چیز (ہدیہ، تحفہ وغیرہ) دی جائے اور اگر اس کے پاس کچھ ہو تو بدلے میں دے اگر اس کے پاس کچھ نہ ہو تو پھر اس کی تعریف کرے ۔جس نے اس کی تعریف کی اس نے اس کا شکریہ ادا کیا اور جس نے اسے (ہدیہ وغیرہ) چھپایا تو اس نے اس (ہدیہ تحفہ وغیرہ) کا انکار کیا۔

    (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الادب :4813)
  • حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا جسے کوئی ہدیہ ملے وہ اس کا تذکرہ کرے تو اس نے شکریہ ادا کیا اور جو اسے چھپائے تو اس نے اسکا انکار کیا۔

    (سنن ابی داوُد ،جلد سوئم کتاب الادب :4814
  • حضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ جب آپؐ کے ساتھ کوئی خوش کن واقعہ پیش آتا یا آپؐ کو کوئی خوش خبری سنائی جاتی تو آپؐ اللہ کا شکر ادا کرنے کے لئے سجدہ ریز ہوجاتے۔

    (سنن ابی داوُد، جلد دوم کتاب الجہاد :2773)
  • حضرت ابی بکرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کو کسی کام کی خوشخبری آئی اور آپؐ اس سے خوش ہوئے پس آپؐ سجدے میں گر پڑے۔

    (جامع ترمذی جلد اول باب جہاد :1578)
  • حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: جو آدمی تم سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرے تم اسے پناہ دے دو۔ اور جو آدمی اللہ تعالیٰ کا واسطہ دے کر سوال کرے اس کا سوال پورا کرو۔ اور جو آدمی تمہیں دعوت دے اسکی دعوت کو قبول کرو۔ اور جو آدمی تمہارے ساتھ احسان کرے تم اس کے احسان کا بدلہ دو۔ اگر تم بدلہ نہ دے سکو تو اسکے حق میں دعائے خیر کرو یہاں تک کہ تم محسوس کرو کہ تم نے اس کو بدلہ دے دیا ہے۔

    (ابوداوُد، نسائی)
  • حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم ایک سفر میں نبی کریم ﷺ کے ساتھ تھے۔ بعض صحابہ کرامؓ نے کہا کاش، ہمیں علم ہوجائے کہ کون سا عمل بہتر ہے تو ہم اس کو کریں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: بہترین زبان وہ ہے جو ذکر الہٰی میں مصروف رہتی ہے۔ اور بہترین دل وہ ہے جو (اللہ تعالیٰ کے انعامات پر) شکر ادا کرتا رہتا ہے۔ اور بہترین ایماندار بیوی وہ ہے جو دینی امور میں اپنے خاوند کی معاونت کرتی ہے۔

    (ترمذی، ابن ماجہ)
1 2 

15

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق